نئی دہلی،24؍جون (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا )آل انڈیا کانگریس کمیٹی جنرل سیکریٹری اور چھتیس گڑھ کے پارٹی معاملات کے انچارج پی ایل پنیا کا کہنا ہے کہ کانگریس ریاست میں مضبوط قوت ہے اور اس کے اندر کسی اتحاد کے بغیر اسمبلی انتخابات جیتنے کی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہوجن سماج پارٹی (بی پی ایس) اور گونڈواون گن تنتر پارٹی کا ریاست میں کچھ اثر ہے لیکن کانگریس نے ابھی تک ان کے ساتھ کوئی رسمی بات نہیں کی۔ ایک انٹرویو میں پنیا نے کہا کہ ہم مضبوط طاقت رکھتے ہیں اور ہمیں کسی بھی پارٹی کے ساتھ اتحاد کی ضرورت نہیں ہے۔اگراس طرح کااتحادہوتا ہے تو یہ بہت اچھی بات ہے، دوسری صورت میں ہم یقین رکھتے ہیں کہ کانگریس پارٹی اپنی طاقت پر آسانی سے حکومت بنائے گی۔عوامی لیڈروں کی کمی کا اس سال ہونے والے اسمبلی انتخابات پر اثر پڑنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اگرچہ، 2013 میں ہوئے نکسلی حملے میں پارٹی کی مکمل قیادت ماری گئی تھی، لیکن اب بھی ہمارے پاس بہت اہم اور فعال لیڈر ہیں، جیسے صوبائی کانگریس کے صدر بھوش بیگل، اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما ٹی ایس سنگھ دیو اور چرن داس مہنت۔راجیہ سبھاایم پی پنیانے کہاکہ ہمارے پاس او بی سی، جنرل اور قبائلیوں میں ویسے بھی اہم لیڈران ہیں۔ ایسے میں ریاست میں ایک بہت بڑے قد کا لیڈر نہیں ہونے سے ہمیں کوئی مسئلہ نظر نہیں آتا ہے، لیکن ہمارے پاس بی جے پی سے لوہا لینے کے لئے کافی قابلیت، مناسب تجربے اور صحیح قیادت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم پچھلا انتخابات صرف اپنے کچھ لوگوں کی دھوکہ دہی کے باعث ہارے تھے۔